کراچی: سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پنک الیکٹرک اسکوٹیز کی تقسیم کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا، آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں خواتین کو اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنک اسکوٹی اور تربیتی پروگرام کے لیے 50 ہزار سے زائد خواتین درخواستیں دے چکی ہیں، جو اس حکومتی اقدام میں خواتین کی بھرپور دلچسپی کا ثبوت ہے۔
پنک اسکوٹیز کی تقسیم سے قبل خواتین کی تربیت سے متعلق انہوں نے کہا کہ اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین کو ڈرائیونگ اور متعلقہ تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ خواتین کو تربیت کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور نواب شاہ میں دی جارہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو محفوظ طریقے سے اسکوٹی چلانے کے قابل بنانا ہے تاکہ انہیں آمدورفت میں سہولت کے ساتھ معاشی مواقع بھی میسر آسکیں۔
پنک اسکوٹیز کی تقسیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 925 جبکہ دوسرے مرحلے میں 476 اسکوٹیز مختص کی گئی تھیں، جبکہ اب تک 810 سے زائد اسکوٹیز خواتین میں مفت تقسیم کی جاچکی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت پنک اسکوٹی پروگرام کو صوبے کے مختلف علاقوں تک وسعت دے رہی ہے اور آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی شرکت کے لیے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔



