اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں مون سون بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.40 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث سپل ویز کل 31 اگست کو صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔
انتظامیہ نے سپل ویز کھولنے کے دوران ریسکیو 1122، پولیس اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سپل ویز کھولنے سے قبل تمام متعلقہ ادارے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سپل ویز کھولے جانے کے دوران ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں کل سے مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں یکم سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے،شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

