لارڈز: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا، انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا لیے اور پاکستان کے خلاف مجموعی برتری 357 رنز کی حاصل کر لی۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈین لارنس 50 اور اولی رابنسن 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ دیگر بیٹرز میں ہیری بروک 34، ایمیلیو گے 31، جو روٹ 24، جارڈن کاکس 11، جبکہ جیمی اسمتھ اور گس اٹکنسن 7،7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بارش اور خراب روشنی سے متاثرہ تیسرے روز صرف 24.5 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، تاہم انگلینڈ نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔ پاکستان کو میچ میں واپسی کے لیے چوتھے روز انگلینڈ کی باقی تین وکٹیں جلد حاصل کرنا ہوں گی۔
اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستانی ٹیم 37.2 اوورز میں 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی اور انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 66.4 اوورز میں 290 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے اذان اویس نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے جبکہ سعود شکیل نے 16، محمد رضوان نے 7 اور بابر اعظم نے 8 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، شان مسعود ایک، عبداللہ شفیق 5، علی عثمان ایک، خرم شہزاد ایک اور محمد عباس 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد علی 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ امام الحق انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جوفرا آرچر نے 3 جبکہ جوش ٹنگ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ نے 61، جارڈن کاکس نے 55 اور گس اٹکنسن نے 45 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 4، محمد علی نے 3، خرم شہزاد اور علی عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست ہوئی تھی۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 409 رنز بنائے ، جس کے جواب میں پاکستان پہلی اننگز میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا تھا۔
پاکستان انگلینڈ کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 135 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گیا ، اس طرح انگلینڈ ٹیم نے پہلا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 103 رنز سے جیت لیا تھا۔


