ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت زخمی ہونے والے 6 پولیس اہلکاروں میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں شہید ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ہتھالہ کی حدود میں پیش آیا۔ ڈی ایس پی کفایت کی قیادت میں پولیس پارٹی ٹانک روڈ سے گزر رہی تھی کہ پوٹا اور امین فارم کے درمیانی علاقے میں مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے حملے کا فوری جواب دیا، تاہم فائرنگ کے دوران پولیس کی گاڑی الٹ گئی جس سے ڈی ایس پی کفایت خان سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے چھٹے اہلکار کو گولی لگی تھی۔
ڈی پی او ضیاء الدین احمد نے ہم نیوز کو بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا جہاں ڈی ایس پی کا گن مین سعید خان جانبر نہ ہو سکا۔
بریکنگ:🛑
ڈی آئی خان: ٹانک روڈ پر ڈی ایس پی کلاچی کفایت اللہ مروت کی گاڑی پر دہشت گردوں کا حملہ پولیس کی سخت جوابی کارروائی کے باعث پسپا کر دیا گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی الٹنے سے 4 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے، جبکہ ایس ایچ او ہتھالہ کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تمام… pic.twitter.com/yDnhhuS0az— Khyber Eye (@KhyberEye) August 29, 2026
پولیس کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
یاد رہے کہ اسی مہنیے کی 3 تاریخ کو سوات کے تھانہ کبل پر خودکش حملے میں 17 افراد شہید جبکہ 19 زخمی ہوئے تھے۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے مطابق خودکش حملہ آور کا سر جائے وقوعہ سے ملا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی نشاندہی کی گئی۔
اس سے قبل فروری 25 کو باجوڑ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید ہو ئے تھے۔ پولیس کے مطابق تحصیل خار کے علاقے نوی کلی میں مسلح افراد نے پولیس کے ابابیل اسکواڈ پر حملہ کیا جس میں 4 اہلکار موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو شدید زخمی ہوئے تھے۔
