محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جو 5 ستمبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں آج 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں یکم سے 5 ستمبر کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، بشمول پشاور، سوات، دیر اور چترال میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، سکردو اور ہنزہ میں 30 اگست سے 6 ستمبر تک جبکہ کشمیر میں نیلم ویلی، مظفر آباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بھی 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور مردان سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے نے مردان اور صوابی میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔



