اسلام آباد: پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے قانون کی خلاف ورزی کی۔
پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چودھری نے ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل تھے۔ لیکن اطلاعات تھیں کہ شفا اسپتال کے باہر بہت سے لوگ جمع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رش سے بانی پی ٹی آئی اور مریضوں کی سیکیورٹی متاثر ہو سکتی تھی۔ اسی لیے سیکیورٹی تحفظات پر بانی پی ٹی آئی کو پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا۔
بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق پراپیگنڈا کیا۔ اور مقصد تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ان کی مرضی کے ڈاکٹرز سے چیک اپ کرایا جائے۔ تاہم پمز میں بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ ہوا جو بہترین اسپتال ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا اور بانی پی ٹی آئی کی تمام طبی رپورٹس ٹھیک آئیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی موجودگی میں ان کا چیک اپ کیا گیا۔ تحریک انصاف کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اور ان پر کوئی اعتبار نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کریں گے، عابد شیر علی
بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف نے قانون کی خلاف ورزی کی جبکہ حکومت بانی پی ٹی آئی کے کسی بھی اسپتال میں جانے کے خلاف نہیں۔
