اسلام آباد: سینیٹر عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صحت پر سیاست نہیں کریں گے۔
سینیٹر عابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے معاملات میں رخنہ ڈالا گیا، کارکنوں کو کنٹرول کرنا مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو اقدام کیا اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف کی توہین عدالت کی درخواست سمجھ سے بالاتر ہے، درخواست میں وزیر اعظم اور حکومت کو فریق نہیں بنایا جاسکتا۔ جیل انتظامیہ نے اپنے قواعد و ضوابط کے تحت ہی معاملات چلانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت اپنی جگہ لیکن یہ انسانیت کا معاملہ ہے اور میں دعاگو ہوں اللہ تعالیٰ بانی پی ٹی آئی کو صحت دے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاست اور بیان بازی سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی حکم پر انتظامیہ نے آئین و قانون کے مطابق مکمل عملدرآمد کیا تاہم تحریک انصاف کی جانب سے اس معاملے پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اس بار 20 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد کو لے کر اسلام آباد جائیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے مؤقف میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور آئندہ بھی اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں کی جائے گی۔
