ہنگو: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اس بار 20 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد کو لے کر اسلام آباد جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ابوبکر صدیق چوک میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک کر ججز کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ایک بار پھر ملک کے ’’ان ٹچیبل‘‘ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ آئین و قانون سے بالاتر ہیں۔ ہمارے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کسی بھی ادارے کا حکم آئے تو ایک گھنٹے میں عملدرآمد ہوجاتا ہے اور پندرہ منٹ میں پولیس پہنچ جاتی ہے لیکن عمران خان کے علاج کے لیے عدالتوں کی جانب سے دیے گئے دو روزہ وقت کے باوجود فیصلے پر عمل نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر عدالتیں ان طاقتور لوگوں کو کٹہرے میں نہیں لاسکتیں تو انہیں مظلوموں کو سزا سنانے کا بھی کوئی حق نہیں، اگر ظالموں اور طاقتوروں کو سزائیں نہیں دی جاسکتیں تو عدلیہ کو چاہیے کہ جن کمزور لوگوں کو قید کیا گیا ہے، انہیں بھی آزاد کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ملک میں کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہوسکتا، عمران خان نے حقیقی آزادی کی جو جدوجہد شروع کی ہے، اس کا مقصد کمزور اور طاقتور دونوں کے لیے ایک قانون کا نفاذ ہے۔
سہیل آفریدی کے مطابق ملک میں کسان پریشان ہے جبکہ صنعتکار اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کررہا ہے، اس لیے عدالتوں کو سوچنا ہوگا کہ ملک کو کس سمت لے جایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر طاقتوروں کو بچانا ہی فیصلہ ہے تو وہ اس فیصلے کے خلاف بغاوت کرتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کے لیے کھڑے ہوں، پی ٹی آئی خواتین کے خلاف مبینہ ظلم و جبر کا ذکر کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی اور اب حکومت کے پاس ’’عورت کارڈ‘‘ کا پتا بھی ختم ہوگیا ہے۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی ، تحریک انصاف نے حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ عمران خان سے جنون کی حد تک عشق کرتے ہیں اور ’’خان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے۔‘‘
سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ 27 اگست کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا اور اس بار 20 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد کو لے کر اسلام آباد جائیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 27 اگست کو احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
