اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوگل کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے گوگل کے 9 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ نے کی، جبکہ امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی گوگل وفد کے ہمراہ تھیں۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں حکومتی امور اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن جاری ہے جبکہ قومی ڈیجیٹل نظام کی تشکیل کے لیے متعدد اقدامات حتمی مراحل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اور نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کے مختلف پروگرام بھی جاری ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گوگل کے ساتھ اشتراک پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے پاکستان میں گوگل کا مقامی دفتر کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کی موجودگی سے پاکستان کے ساتھ شراکت داری مزید مستحکم ہو گی۔
انہوں ںے کہا کہ گوگل کے اقدامات سے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملے ہیں، گوگل نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے کے لیے اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif shakes hands with Vice President Government Affairs and Public Policy of Google Mr. Wilson White. Islamabad, 18 August 2026. pic.twitter.com/PzOciNWhrd
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) August 18, 2026
اس موقع پر گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے وزیراعظم کو کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کا مقامی دفتر ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرے گا۔
ولسن وائٹ نے کہا کہ گوگل پاکستانی نوجوانوں کے لیے طویل مدتی مواقع پیدا کرنے کا خواہاں ہے اور مقامی کاروباروں کو عالمی سطح پر لے جانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
