اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل آئی ٹی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے شہریوں کو مؤثر، جدید اور بروقت ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، تمام متعلقہ ادارے اس مقصد کے لیے مربوط انداز میں کام کریں۔
انہوں نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم نے وفاق کے تمام ماتحت اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا اور منصوبے کو جلد مکمل کرکے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے جی پی فنڈ پر منافع کی شرح کا اعلان کر دیا
شہباز شریف نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کے لیے اس کا انتظام مکمل طور پر آؤٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔
