اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ناروے کے تعاون کو سراہا۔
Islamabad: 13 August, 2026.
The Minister of Foreign Affairs of the Kingdom of Norway, H.E. Mr. Espen Barth Eide, called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif at the Prime Minister House, today.
The Prime Minister welcomed the Norwegian Foreign Minister and expressed… pic.twitter.com/V3cFPzMAfh
— Prime Minister's Office (@PakPMO) August 13, 2026
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطین کے حوالے سے ناروے کے مضبوط اور اصولی مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے خلیجی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر بھی ناروے کا شکریہ ادا کیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
ناروے کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
