چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (پولیس) بابیکر سمرہ مصطفیٰ علی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و سوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اورادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجزسے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور روابط کی اہمیت پر زوردیا۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اورتعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر سوڈان کے وزیرداخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکرسمرہ مصطفیٰ علی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان اورسوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔



