کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر ہونے والے آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عزم استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
گزشتہ روز بھی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت پنجگور میں فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ سمیت 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا عزم قابل تحسین ہے، صدر آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجگور میں فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا عزم قابل تحسین ہے۔ اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم پاکستان دشمن دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔
ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے ضلع پنجگور میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔ اور آپریشنز میں فتنتہ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں امن دشمنوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا رکشہ نہر میں جاگرا، 11 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ قوم دہشت گردی کے خلاف یکجان ہے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
