آسٹریلیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے سڈنی ایئرپورٹ پر ایک سنگین حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا جب جیٹ اسٹار کا ایئربس A320 اور قطر ایئرویز کا بوئنگ 777 رن وے پر ایک دوسرے کے انتہائی قریب آ گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کا کہنا ہے کہ جیٹ اسٹار کا طیارہ کوئنز لینڈ کے شہر گولڈ کوسٹ کے لیے ٹیک آف کی تیاری میں ٹیکسی کر رہا تھا کہ اسی دوران قطر ایئرویز کا طیارہ، جسے ایک ٹگ گاڑی کے ذریعے کھینچا جا رہا تھا، کراسنگ ٹیکسی وے پر خطرناک حد تک قریب آ گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دونوں طیاروں کو فوری طور پر روک دیا گیا، جس کے باعث ممکنہ تصادم ٹل گیا۔ تاہم اچانک بریک لگانے کے نتیجے میں جیٹ اسٹار کے ایک کیبن کریو ممبر کو معمولی چوٹیں آئیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ قطر ایئرویز کے طیارے کے نوز گیئر اور ٹگ گاڑی کے درمیان کنکشن کو بھی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: یکے بعد دیگرے 2 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ متعدد ہلاکتیں
آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جیٹ اسٹار انتظامیہ نے بھی اندرونی انکوائری کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق طیارہ ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر عمل کر رہا تھا کہ اچانک قریب آنے والے دوسرے طیارے کے باعث پائلٹس کو سخت بریک لگانا پڑی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایک روز قبل ہی سڈنی ایئرپورٹ پر فلائٹس میں شدید تاخیر دیکھی گئی تھی، جس کی وجہ ایئر سروسز آسٹریلیا کی جانب سے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی کمی کے باعث “ڈیپارچر اسپیسنگ” نافذ کر دیا گیا تھا۔
قطر ایئرویز کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
