خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین اسمبلی کی مراعات اور استحقاق سے متعلق ترمیمی بل منظور کرلیا۔ ترمیمی بل حکومتی رکن اکرام اللہ غازی نے اسمبلی میں پیش کیا، جس کی منظوری دے دی گئی۔
منظور شدہ ترمیمی بل کے تحت اراکین اسمبلی کیلئے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق ختم کردی گئی ہے۔
بل کے متن کے مطابق بلیو پاسپورٹ صرف رکن اسمبلی کی مدتِ رکنیت تک کارآمد ہوگا، یعنی رکنیت ختم ہونے کے بعد یہ سہولت برقرار نہیں رہے گی۔
ترمیمی بل میں اراکین اسمبلی کیلئے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دوبارہ 4 مقرر کردی گئی ہے۔ متعلقہ شق میں ترمیم کے بعد اراکین اسمبلی کو چار مفت اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔
ترمیمی بل کے تحت صحافیوں کیلئے جرمانوں اور سزاؤں میں بھی کمی کردی گئی ہے۔ متن کے مطابق صحافیوں کی سزاؤں میں اضافے سے متعلق شق واپس لے لی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی نے فرسٹ شیڈول میں موجود متنازع شقوں میں بھی ترامیم منظور کرلی ہیں۔
اب سابق ارکان پارلیمنٹ کے بچوں کو بھی بلیو پاسپورٹ ملیں گے، سینیٹ کمیٹی نے منظوری دیدی
ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اراکین اسمبلی کے بلیو پاسپورٹ، مفت اسلحہ لائسنس اور صحافیوں سے متعلق جرمانوں اور سزاؤں کے حوالے سے قانون میں اہم تبدیلیاں ہوگئی ہیں۔
ترمیمی بل میں کی گئی تبدیلیوں کا مقصد اراکین اسمبلی کی مراعات اور استحقاق سے متعلق موجودہ قانونی شقوں میں ترمیم کرنا ہے، جبکہ صحافیوں سے متعلق سزاؤں میں اضافے کی شق واپس لینے سے انہیں پہلے کے مقابلے میں ریلیف ملے گا۔
