جماعت اسلامی نے پیٹرول کی قیمتوںٗ پیٹرولیم لیوی، بجلی کے نرخوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا۔ جماعت اسلامی نے تمام شہروں میں دھرنے ختم کر دیے، اب دھرنوں کا سلسلہ اتوار سے دوبارہ شروع ہو گا۔
اس سے قبل امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول کی قیمتوں، پٹرولیم لیوی، بجلی کے نرخوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت پورے پاکستان کے 510 مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم جماعت اسلامی کے تمام مظاہرے پرامن ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ احتجاج کے دوران صرف مریضوں اور ایمبولینسز کو بلا رکاوٹ راستہ دیا جائے گا۔
پیٹرولیم مصنوعات پر ظالمانہ لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج ہونے والے ملک گیر احتجاج کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا خصوصی پیغام
Hafiz Naeem
Jamaat e Islami
Bhatta Levy NaManzoor#JIProtestAgainstBhattaLevy pic.twitter.com/uSGdHygrPf
— Sabeen Waseem (@waseem_sabeen) August 7, 2026
حافظ نعیم الرحمان نے انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کو روکنے کی کوشش نہ کی جائے، بصورت دیگر حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے اور پیٹرولیم لیوی ختم کرے، ان کا کہنا تھا کہ کارکن احتجاجی مقامات پر موجود رہیں، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق لاہور میں قرطبہ چوک، کراچی میں شارع فیصل، اسلام آباد میں 26 نمبر اسٹاپ، کوئٹہ میں میاں غنڈی چوک، پشاور میں ٹول پلازہ، ملتان میں بوسن روڈ، کرک میں انڈس ہائی وے، بنوں میں سی پیک چوک اور چکدرہ انٹرچینج سمیت مختلف مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔ احتجاج کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی اور ضلعی عہدیدار کریں گے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر پرامن احتجاج کو روکنے کی کوشش کی گئی تو دھرنوں کا دائرہ 1500 شاہراہوں تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
ادھر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ ملک بھر میں 510 اہم شاہراہوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا اور احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز کو گزرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں شام 4 بجے مختلف شاہراہوں سے احتجاجی قافلے روانہ ہوں گے، جو مزارِ قائد پر جمع ہونے کے بعد شارع فیصل کی جانب مارچ کریں گے۔
ایبٹ آباد میں میں شاہراہ ریشم مکمل بند کر دی گئی ہے
Hafiz Naeem
Jamaat e Islami
Bhatta Levy NaManzoor #JIProtestAgainstBhattaLevy pic.twitter.com/aOKQeTXcvQ— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) August 7, 2026
دوسری جانب جماعت اسلامی ملتان کے ترجمان کے مطابق ملتان میں سیداں والا بائی پاس سے چونگی نمبر 6 تک احتجاجی ریلی اور دھرنا کا انعقاد کیا گیا، مہنگائی کے خلاف بڑی احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت سید ذیشان اختر اور صہیب عمار صدیقی نے کی۔
میں نے پی ٹی آئی کومذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی، اسپیکرقومی اسمبلی
منعم ظفر خان نے عوام سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا اور عوام متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔
واضح رہے کہ ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی نے شاہراہ ریشم مکمل طور پر بند کر دی۔
جماعت اسلامی نے مہنگائی، پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں دھرنے شروع کر دیے، جس کے باعث متعدد اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہو گئیں، شارع فیصل بھی آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی۔
احتجاج کے لیے نرسری کے مقام پر استقبالیہ کیمپ قائم کر دیا گیا، جہاں کے ایم سی کی جانب سے تزئین و آرائش کیے گئے بس اسٹاپ کو کیمپ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب احتجاج کے مقام پر سکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر جمع ہو کر احتجاج کیا، جبکہ احتجاجی مظاہروں کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت حب ریور روڈ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، ایم پی اے محمد فاروق کی قیادت میں ایئرپورٹ کے قریب جماعت اسلامی کا احتجاج ہوا، کارکنان نے ناتھا خان کے قریب شاہراہ فیصل بھی بلاک کردی۔
کراچی اورنگی ٹاؤن نمبر 5 چورنگی پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے شارع اورنگی ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کرنا پڑی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شارع فیصل پر احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور ملک میں نہ معاشی استحکام ہے نہ سیاسی استحکام۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں وڈیروں اور جاگیرداروں کا راج قائم ہے، جبکہ “فارم 47” کی حکومت ملک پر مسلط کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی میئر شپ اور عام انتخابات کے بعد عوام کی جیبوں پر مسلسل ڈاکا ڈالا جا رہا ہے اور مہنگائی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کی آواز پورے ملک کو جوڑنے والی آواز بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں سیکڑوں مقامات پر ہونے والے احتجاج نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام ظلم کے ضابطوں کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے جماعت اسلامی کی اپیل پر بھرپور لبیک کہا ہے اور ملک گیر احتجاج حکومتی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل کا واضح اظہار ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ بڑی تعداد میں شریک عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے شروع ہونے والی جدوجہد اب پورے ملک کی تحریک بن چکی ہے اور جماعت اسلامی نے ظلم پر مبنی نظام کو بدلنے کی جدوجہد کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے کراچی کو تباہ کر دیا ہے اور شہریوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو نہ معیاری تعلیم اور صحت کی سہولتیں مل رہی ہیں، نہ اسٹریٹ کرائم سے تحفظ اور نہ ہی بنیادی انفراسٹرکچر فراہم کیا جا رہا ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل سے نکال کر نجی شعبے کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ کروڑوں کی آبادی والے شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کا راج قائم ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم دینے کے بجائے انہیں پابند سلاسل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے میر رضا قتل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ای چالان کے نام پر تو شہر بھر میں کیمرے نصب کر دیے گئے، مگر پولیس اب تک اس قتل کیس کو حل نہیں کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے نوجوان کا پوسٹ مارٹم اور پھر قبر کشائی کی جاتی ہے، جبکہ متاثرہ خاندان انصاف کے انتظار میں ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پولیس اور محکمہ تفتیش کہاں ہے، جو میر رضا کے والدین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر میں 25 لاکھ روپے چھیننے کے لیے ایک نوجوان ڈاکٹر کو گولی مار دی جاتی ہے، جبکہ 21 برس گزرنے کے باوجود کراچی کے شہریوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا سکی۔

جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج موٹروے چوک 26 نمبر پرہوا، مختلف علاقوں سے قافلے سری نگر ہائی وے پر پہنچے، سیکٹر جی 13 سے ریلی کی صورت میں شرکا موٹروے چوک 26 نمبر پہنچے، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، میاں محمد اسلم ، نصراللہ رندھاوا اور زبیر صفدر احتجاج کی قیادت کی۔ پانچ منٹ سری نگر بند کرکے جماعت اسلامی نے احتجاجی دھرنا ریکارڈ کرایا اور پھر پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔
ایک موقع پر اسلام آباد میں پولیس اہلکار اور جماعت اسلامی کے کارکن آمنے سامنے آ گئے جب پولیس اہلکاروں نے ٹریفک بحال کرانے کی کوشش کی۔
جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے کے باعث لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ مظاہرین فیروز پور روڈ پر قرطبہ چوک کے مقام پر اکٹھے ہوئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جیل روڈ سے فیروز پور روڈ کی جانب جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند رہی جبکہ فیروز پور روڈ سے چوبرجی کی طرف بہاولپور روڈ بھی بند کر دی گئی۔
اسی طرح لٹن روڈ سے اچھرہ کی جانب فیروز پور روڈ کا راستہ بھی ٹریفک کے لیے بند رہا جبکہ عابد مارکیٹ سے فیروز پور روڈ کی جانب جانے والے راستے پر بیریئر لگا دیے گئے۔
