پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،دونوں ممالک کی مشترکہ تجارتی کمیٹی کے 10ویں اجلاس کے متفقہ منٹس پر دستخط کردئیے گئے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ، آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیاگیا۔
آزاد تجارتی معاہدے کے قواعداور ٹیرف میں کمی کے طریقہ کار پر پیش رفت ہوئی ہے،پاکستان اور ایران کی جانب سے بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔
پاک ایران کاروباری برادری کے درمیان براہِ راست روابط اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر زور دیا گیا،سرحدی تجارت کے فروغ اور مقامی آبادیوں کو معاشی مواقع فراہم کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دونو ں ممالک کے درمیان چیدگی کوہک سرحدی مارکیٹ کے افتتاح کا عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا،مشترکہ سرحدی منڈیوں کے مؤثر انتظام کے لیے مشترکہ کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن اجلاس جلد منعقد کرنے پراتفاق
زرعی اور باغبانی مصنوعات کی باہمی تجارت بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا،ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور سرحدی رابطوں کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے ۔
تین روزہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر اتفاق کیا گیا،متفقہ فیصلوں پر فوری عمل درآمد کے لیے تکنیکی کمیٹیاں کام جاری رکھیں گی۔
