امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کل مکمل طور پر کھل جائے گی ، ایران کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ مجوزہ دستاویز پر دستخط کر دے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملہ جلد کسی ایک نتیجے پر پہنچ جائے گا اور یہ کوئی پیچیدہ مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے ، آبنائے ہرمز کا کھلنا پہلے مرحلے کی کامیابی ہو گی۔ آج ایران کیساتھ پورا دن مذاکرات جاری رہے ،اس کے بعد دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات ہوں گے۔
برطانیہ ، بلغاریہ اور یوکرین نے ایران جنگ میں شامل نہ ہونے کی یقین دہائی کرا دی ، اسماعیل بقائی
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کوئی فیس عائد نہیں ہو گی، تاہم اگر کوئی دوسرا فریق ایسا کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکا بھی اس کے مطابق جواب دے گا۔
قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی کے حوالے سے ایران اور عمان کے ساتھ جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے تاہم ابھی تک کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا جا سکا۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور تمام فریق کسی قابل قبول حل تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایران۔امریکا معاہدہ ابھی نہیں ہوا، آئندہ گھنٹوں یا دنوں میں حالات بدل سکتے ہیں، قطر
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بات چیت میں پیش رفت ضرور ہوئی ہے، لیکن ابھی حتمی مرحلہ باقی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد اس سلسلے میں معاہدہ طے پا سکتا ہے، جس سے آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت معمول پر آنے میں مدد ملے گی۔
