صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہدائے پولیس کی جرأت اور قربانیاں قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں، شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف پولیس کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں، پولیس نے دہشتگرد اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو ناکام بنایا، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کیلئے پولیس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان پولیس کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، شہدا کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شہداء کی قربانیاں ہماری آزادی ، خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں ، صدر زرداری
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی مضبوطی کیلئے بہتر تربیت، ٹیکنالوجی اور وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے پولیس کے جانباز افسران اور اہلکاروں کو دلی خراجِ عقیدت اور سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جان نچھاور کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور غیر متزلزل عزم کو مظاہرہ کیا ہے جو لائق تحسین ہے، ہمارے پولیس کے شہدا ء کی ناقابل فراموش قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی، امن و امان کے قیام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان غیور بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی بے لوث خدمات نے آنے والی نسلوں کیلئے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کی۔
ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے جادو ٹونے نہیں، محنت کی ضرورت ہے ، شہباز شریف
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج یومِ شہدائے پولیس پر ہم اپنے شہداء کے اہلِخانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں پوری قوم کی مشترکہ قربانیاں ہیں، شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کو معیاری تعلیم، صحت کی بہترین سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔
