ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرول پر لیوی کی مد میں عوام سے بھتہ ٹیکس لیا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 11 ہزار سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، جبکہ لاکھوں بچے آج بھی تعلیم سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف ملتان میں تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار بچے اسکول نہیں جا رہے، جو تعلیمی نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ طالب علم جتنا بھی پڑھنا چاہیں، ہم آپ کو پڑھائیں گے۔ ہمارے نوجوان صلاحیت رکھتے ہیں لیکن مواقعے نہ ملنے کی وجہ سے پیچھے ہیں۔ آج صرف زیادہ وسائل رکھنے والے لوگ ہی اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلوا سکتے ہیں، جبکہ متوسط طبقہ بھی اس قابل نہیں رہا اور جاگیردارانہ نظام نے غریب طبقے سے معیاری تعلیم کا حق چھین لیا ہے۔
انہوں نے مہنگائی اور ٹیکس پالیسی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی بجلی کے بھاری بلوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور اب واسا کے بل بھی ان پر اضافی بوجھ بن رہے ہیں۔ پیٹرول پر لیوی کی مد میں عوام سے بھاری ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ ایسے افراد سے بھی ٹیکس لیا جا رہا ہے جن پر قانونی طور پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: الیکشن کمیشن نے تمام 13 حلقوں کے نتائج جاری کر دیئے
امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں 40 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، اور حکومت کو عوام کو ریلیف دینے، تعلیم کے فروغ اور معاشی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہیئیں۔
