پاکستان کی سابق ماڈل سحرش خان کی حالیہ ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
View this post on Instagram
رپورٹس کے مطابق سحرش خان 2010 کی دہائی کے آغاز اور وسط میں پاکستان کی معروف ماڈلز میں شمار اور فیشن انڈسٹری میں نمایاں مقام رکھتی تھیں۔ تاہم نجی زندگی میں پیش آنے والے تلخ واقعات اور مشکلات نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔
متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شادی کی ناکامی کے بعد سحرش خان گزشتہ کچھ عرصے سے شدید ذہنی دباؤ، منشیات کی عادت اور مالی مشکلات کا شکار ہیں جب کہ ان کے بارے میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ایک حادثے میں ان کی ٹانگ شدید متاثر ہوئی۔

وائرل ویڈیوز میں سحرش خان کو انتہائی کمزور اور پریشان حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد صارفین کی جانب سے ان کے علاج اور بحالی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
بعض شوبز شخصیات نے بھی متعلقہ اداروں اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ سابق ماڈل کی مدد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ شوبز کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے والے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر نظام کی ضرورت ہے تاکہ مشکلات کا شکار ہونے والے فنکار بروقت مدد حاصل کر سکیں۔
