پرواز ہے جنوں’ کے دوسرے گیت کے ایک ملین ویوز


اسلام آباد: مومنہ درید اور ہم فلمز کی مشترکہ پیشکش فلم “پرواز ہے جنوں” کے ریلیز ہونے والے دوسرے نغمے”تھام لو” نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے اور یوٹیوب پر اب تک دس لاکھ سے زائد لوگ اسے دیکھ چکے ہیں۔

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کی دلکش آواز میں گایا گیا یہ خوبصورت گیت اس وقت پاکستانی ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک ہے، یہ محبت کے نفیس جذبوں کی ترجمانی کرتا ہے اور ناظرین کے دل فلم  اور اس کے کرداروں کے دائمی سحر میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

گانے کے کمپوزر اذان سمیع خان ہیں جنہوں نے اس گیت میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو سمو دیا ہے، گانے کے بول اگر سحر انگیز ہیں تو اس کی موسیقی مداحوں کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔

مداحوں کے دل جیتنے والے اس دلکش نغمے کو پاکستان کے مختلف حسین اور دلکش مقامات پر فلمایا گیا ہے جن میں اسلام آباد بھی شامل ہے۔

گانے کے نمایاں کرداروں میں حمزہ علی عباسی، احد رضا میر، ہانیہ عامر، شاز خان اور کبریٰ خان شامل ہیں، گیت کے مناظر کہانی کے مختلف پہلو نمایاں کرتے ہیں جن میں کہیں کبریٰ خان اور شاز خان اپنے ہنی مون سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیتے ہیں تو کسی جگہ حمزہ اور ہانیہ کو آپس میں ہنسی مذاق کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں فلم ’پرواز ہے جنوں‘ عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، فلم کا پہلا  ٹیزر 19 اپریل کو ریلیز کیا گیا تھا جس نے ریلیز ہونے کے فوری بعد مداحوں کے دل جیت لیے، فلم کا پہلا گیت ‘بھولیا’ پہلے ہی مداحوں کو اپنی سحر انگیز دھن اور جادوئی آواز سے اپنا دیوانہ بنا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں