لندن: ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق سنگاپور نے ایک بار پھر دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ سنگاپور کے پاسپورٹ پر شہری دنیا کے 192 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
تازہ درجہ بندی کے مطابق جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات 188 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سویڈن 187 ممالک تک رسائی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
چوتھے نمبر پر بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین شامل ہیں، جن کے شہری 186 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ آسٹریا، یونان، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ 185 ممالک تک رسائی کے ساتھ پانچویں، جبکہ ہنگری، پولینڈ اور برطانیہ 184 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا، کینیڈا، جمہوریہ چیک، لٹویا، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، سلوواکیہ اور سلووینیا 183 ممالک تک رسائی کے ساتھ ساتویں، کروشیا اور ایسٹونیا 182 ممالک کے ساتھ آٹھویں، لیختن شٹائن اور لیتھوانیا 181 ممالک کے ساتھ نویں، جبکہ آئس لینڈ اور امریکا 180 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان 23 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ 103ویں اور آخری نمبر پر ہے۔ شام 26 ممالک کے ساتھ 102ویں اور عراق 29 ممالک تک رسائی کے ساتھ 101ویں نمبر پر ہے۔
پاکستان اس فہرست میں 100ویں نمبر پر ہے، جہاں پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد یمن 31 ممالک کے ساتھ 99ویں، صومالیہ 33 ممالک کے ساتھ 98ویں، نیپال 35 ممالک کے ساتھ 97ویں، بنگلہ دیش اور شمالی کوریا 36 ممالک کے ساتھ 96ویں، ایران اور فلسطینی علاقوں کے پاسپورٹ 38 ممالک کے ساتھ 95ویں، جبکہ اریٹیریا 39 ممالک تک رسائی کے ساتھ 94ویں نمبر پر ہے۔
کرپٹو کرنسی سے متعلق مفتی تقی عثمانی کا اہم فتویٰ سامنے آ گیا
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا کے مختلف ممالک کے پاسپورٹس کی درجہ بندی اس بنیاد پر مرتب کرتا ہے کہ ان کے حامل افراد بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ کتنے ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔ یہ انڈیکس عالمی سفری آزادی اور پاسپورٹ کی بین الاقوامی حیثیت کا ایک اہم پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔
