پاک بحریہ اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بروقت آپریشن کرکے ڈوبتی کشتی کے 20 افراد کو بچا لیا۔
پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے تعاون سے بروقت اور مربوط ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے اورماڑہ کے مشرق میں سمندر میں ڈوبنے والی مال بردار لکڑی کی کشتی (کارگو دھاؤ) میں سوار تمام 20 پاکستانی عملے کو بحفاظت بچا لیا۔

پاک بحریہ کے مطابق کشتی میں زیادہ مقدار میں پانی داخل ہونے کے باعث وہ ڈوبنے کے خطرے سے دوچار تھی۔ واقعے کی اطلاع جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کو موصول ہوتے ہی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے لیے پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس ہنین اور فضائی وسائل کو فوری طور پر متاثرہ مقام کی جانب روانہ کیا گیا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں کشتی میں سوار تمام 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
پاک بحریہ نے بتایا کہ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت اطمینان بخش ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کامیاب آپریشن پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی پیشہ ورانہ صلاحیت، فوری ردعمل اور سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے عزم کا عملی مظہر ہے۔
اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سمندری حدود میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور جان و مال کے تحفظ کے لیے چوبیس گھنٹے تیار رہتے ہیں۔
