واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ دیر پہلے ایران کی جانب سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن ایران جب بھی حملہ کرے گا ہم جواب میں 20 گنا زیادہ حملہ کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے طیارے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی معاہدہ کرنا بہت چاہتے ہیں اور کچھ دیر پہلے ایران کی جانب سے رابطہ بھی کیا گیا ہے لیکن مجھے نہیں معلوم کہ وہ معاہدہ کرنے کے قابل اعتماد ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہیں معلوم وہ معاہدے کی پابندی کریں گے یا نہیں اور اصل مسئلہ بھی یہی ہے۔
ایران پر تازہ ترین امریکی حملوں سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ حملے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں اور ہم نے ایران کو حملوں کا کہیں زیادہ سخت جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں کے بعد ایران نے ایک بار پھر معاہدے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کے ایران پر حملے، چابہار اور بندر عباس سمیت ساحلی علاقوں میں دھماکے
امریکی صدر سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ تنازع دوبارہ مکمل جنگ میں تبدیل ہو چکا ہے؟ جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم۔ لیکن امریکا اپنے فوجی اہداف پہلے ہی حاصل کر چکا ہے۔
