فلوریڈا: امریکا کی ریاست فلوریڈا میں مختلف اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران 2 ماہ سے 17 سال تک کی عمر کے 163 بچوں کو بازیاب کرلیا گیا۔
فلوریڈا کے اٹارنی جنرل جیمز ایتھمیئر کے مطابق آپریشن اسٹیٹ وائیڈ شیلڈ کے تحت اگست کے وسط میں پانچ روز تک کارروائی جاری رہی، جس میں وفاقی اور غیرملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی تعاون کیا۔
حکام کے مطابق بازیاب ہونے والے بچوں میں کچھ گھر سے بھاگ گئے تھے جبکہ بعض کو نظرانداز کیا گیا یا ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تھی،کچھ بچے انسانی اسمگلنگ کا بھی شکار ہوئے تھے۔
جیمز ایتھمیئر نے کہا کہ ان میں سے بہت سے بچوں کو ایسے افراد نے نشانہ بنایا جو کمزور اور بے سہارا لوگوں کا استحصال کرتے ہیں، ان کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں بچے اب محفوظ ہیں اور ان کی ضروری دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔
پانچ براعظموں میں بچوں کی بازیابی
حکام کے مطابق بچوں کو امریکا کی مختلف ریاستوں سمیت فلوریڈا، الاباما، کیلیفورنیا، اوہائیو، نیویارک، نارتھ کیرولائنا، پورٹو ریکو اور ٹینیسی سے بازیاب کیا گیا۔
اس کے علاوہ کارروائی کے دوران برازیل، کینیڈا، کولمبیا، ڈومینیکا، فن لینڈ، گھانا، گوئٹے مالا، اٹلی، جمیکا، میکسیکو، اسپین اور تائیوان سے بھی بچوں کو تلاش کیا گیا۔
فلوریڈا کے اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق یہ ریاست کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کارروائی تھی اور پہلی مرتبہ ریاست بھر میں لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے اس نوعیت کی مہم چلائی گئی۔
تین مشتبہ افراد گرفتار
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک تین افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مائیکل پریسکاٹ کو 21 اگست کو جیکسن ول شیرف آفس نے گرفتار کیا۔ اس پر کم عمر فرد کے ساتھ فحش نوعیت کے جرائم کے تین الزامات، سنگین نوعیت کی بیٹری اور ایگریویٹڈ اسالٹ کا ایک ایک الزام عائد کیا گیا۔
رابرٹ فیرال ایلیسن کو 20 اگست کو لی کاؤنٹی شیرف آفس نے گرفتار کیا۔ اس پر 12 سے 16 سال کی عمر کے متاثرہ فرد کے ساتھ زیادتی کا الزام عائد کیا گیا۔
جےڈن ایلن ہارووڈ کو بچے کی تحویل سے متعلق مقدمے میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے مزاحمت کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں متعدد نئی تحقیقات بھی شروع کی گئی ہیں۔
بچوں کو طبی اور سماجی معاونت فراہم کی گئی
بازیابی کے بعد مقامی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے بچوں کو مخصوص مراکز تک منتقل کیا، جہاں سماجی خدمات کے کارکنوں، چائلڈ ویلفیئر ماہرین، طبی عملے اور متاثرین کے لیے کام کرنے والے اداروں نے انہیں معاونت فراہم کی۔
Florida just pulled 163 missing kids out of hell in five days.
Operation Statewide Shield.
FDLE led it. Tampa 46. Miami 41. Jacksonville 32. Orlando 21. Fort Myers 12. Pensacola 8. Tallahassee 3.
Youngest was 2 months old. Oldest was 17.
That is not a statistic. That is… pic.twitter.com/X2gPy5EGSK
— Arkadalo® (@Arkadalo) August 29, 2026
حکام کے مطابق کچھ بچوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا جبکہ بعض کو فوسٹر کیئر میں منتقل کیا گیا۔آپریشن کے بعد ان بچوں کے لاپتا اور خطرے سے دوچار افراد سے متعلق ریکارڈ بھی بند کیے گئے۔
متعدد اداروں کی مشترکہ کارروائی
آپریشن اسٹیٹ وائیڈ شیلڈ کی قیادت فلوریڈا ڈیپارٹمنٹ آف لا انفورسمنٹ نے کی۔ حکام کے مطابق کارروائی کی منصوبہ بندی میں فلوریڈا آفس آف اسٹیٹ وائیڈ پراسیکیوشن، ڈیپارٹمنٹ آف چلڈرن اینڈ فیملیز، ڈیپارٹمنٹ آف جووینائل جسٹس سمیت دیگر اداروں نے حصہ لیا۔
ریاست کے 13 شیرف دفاتر سمیت متعدد مقامی اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی آپریشن میں معاونت فراہم کی۔
فلوریڈا کے اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ ریاست لاپتا بچوں کی بازیابی کا عمل جاری رکھے گی اور بچوں کے استحصال میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔


