سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے سخت اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف اب مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے۔
پنجاب یونیورسٹی کی دھواں چھوڑنے والی بسوں پر پابندی، ای پی اے کا کریک ڈاؤن جاری
سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے معاملے میں بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ ایسی گاڑیاں جو مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا نہیں اتریں گی، ان کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے تاکہ فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بننے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں بغیر ترپال ریت، مٹی یا تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگر کوئی گاڑی اس پابندی کی خلاف ورزی کرتی پائی گئی تو اس کے خلاف صرف جرمانہ ہی نہیں بلکہ مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر ترپال گاڑیوں سے اڑنے والی گرد و غبار سموگ میں اضافے کا اہم سبب بنتی ہے، جس کے خاتمے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 14 ہزار 378 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جبکہ سموگ کے تدارک کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران ایک ہزار 401 مقدمات بھی درج کروائے گئے۔
حکومت کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان
انہوں نے مزید بتایا کہ بغیر ترپال ریت اور مٹی لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی۔ گزشتہ مالی سال میں ایسی 53 ہزار 599 گاڑیوں کو قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جنہیں جرمانے، چالان اور دیگر قانونی اقدامات کا سامنا کرنا پڑا۔
عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ لاہور میں صاف ماحول کی فراہمی اور شہریوں کی صحت کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے گاڑی مالکان، ٹرانسپورٹرز اور کمرشل ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت فٹنس یقینی بنائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی مرمت کرائیں اور تعمیراتی سامان کی نقل و حمل کے دوران ترپال کا لازمی استعمال کریں۔
جمعہ اور اتوار کو لاہور میں ہیوی ٹریفک اور دھواں چھوڑنے والی ہر قسم کی وہیکل پرپابندی عائد
انہوں نے واضح کیا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے شروع کی گئی مہم آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ لاہور کو فضائی آلودگی سے پاک اور شہریوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔
