پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس نے اپنی شوبز میں واپسی سے متعلق خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال میرا کسی نئے ڈرامے میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں ایک مداح کے پوچھنے پر عمران عباس نے بتایا کہ میرا کوئی نیا ڈرامہ نشر ہونے والا نہیں کیونکہ میں نے حالیہ عرصے میں کسی بھی پراجیکٹ پر دستخط نہیں کیے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں فی الحال شوبز میں واپسی کی منصوبہ بندی نہیں کر رہا اور اس وقت اپنی کاروباری سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہوں۔
واضح رہے کہ عمران عباس پاکستان کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور وہ متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
میری عمر چھوڑیں کچھ نیا سوچیں؛ بشریٰ انصاری کا ناقدین کو کرارا جواب
ماضی میں بھی وہ یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ موجودہ ڈراموں کے بیشتر اسکرپٹس انہیں اتنے متاثر نہیں کرتے کہ وہ دوبارہ ٹی وی اسکرین پر واپسی کا فیصلہ کریں، اسی وجہ سے وہ گزشتہ کچھ عرصے سے شوبز سے دور ہیں۔
یاد رہے عمران عباس نے 9 محرم الحرام کے موقع پر عراق کے مقدس شہر کربلا سے اپنی روحانی حاضری کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
عمران عباس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مختلف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں کربلا کی سبیلوں میں شریک ہوتے، مقدس مقامات کی زیارت کرتے اور تاریخی مقامات کا دورہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کربلا کے عجائب گھر کی بھی سیر کی، جہاں موجود تاریخی و مذہبی نوادرات کی جھلک اپنے مداحوں کو بھی دکھائی۔
