مری ایکسپریس وے پر دھنتار پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک کار بے قابو ہو کر پل سے نیچے گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو خواتین زخمی ہوگئیں۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ دشوار گزار علاقے کے باوجود ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی خواتین تک رسائی حاصل کی اور انہیں گاڑی سے بحفاظت باہر نکالا۔
سوات ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، ہائی ایس وین بس سے ٹکرا گئی، 16 مسافر جاں بحق، 6 زخمی
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دونوں زخمی خواتین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ امدادی کارروائی کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ خواتین کو محفوظ طریقے سے کھائی سے نکالا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کار پل سے نیچے کھائی میں جا گری۔ تاہم حادثے کی مزید وجوہات کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پشین میں خوفناک حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 11 زخمی
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بالخصوص پہاڑی علاقوں اور مری ایکسپریس وے پر سفر کے دوران احتیاط سے گاڑی چلائیں، رفتار کو مقررہ حد میں رکھیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔
