امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے اور واشنگٹن نے مذاکرات میں ایک ہفتے کا وقفہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کے باعث دیا۔
اناطولیہ ایجنسی کے مطابق ساؤتھ ڈکوٹا میں ماؤنٹ رشمور پر امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے دنیا کی سب سے طاقتور فوج تشکیل دی اور دو عالمی جنگیں جیتیں۔
ایران سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے باوجود تہران معاہدے کے لیے بے تاب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو جنازے کے باعث ایک ہفتے کی مہلت دی۔
.@POTUS: From the roaring waters of Niagara Falls to the shimmering gushers of oil and fire in our beloved Texas, from the magnificent fields of corn and wheat and barley of our farms in the Midwest, to the vast canyons of finance in New York City, from the billowing stacks of… pic.twitter.com/LRmy8194mL
— Rapid Response 47 (@RapidResponse47) July 4, 2026
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں امریکا کی تاریخ اور عالمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا دنیا کی سب سے پرانی جمہوریہ اور سب سے آزاد قوم ہے، جبکہ آئین کو سب سے مضبوط قرار دیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی عوام نے دنیا میں سب سے زیادہ فلاحی کام کیے، بھوک کے خاتمے اور بیماریوں کے علاج میں نمایاں کردار ادا کیا۔
داخلی سیاست پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے خبردار کیا کہ امریکا میں کمیونزم کا خطرہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، جسے انہوں نے امریکی آزادی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کبھی کمیونسٹ ریاست نہیں بنے گا اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی اپنی جماعت کی کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔
