پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر کی براہِ راست افتتاحی پرواز پی کے 709 روانہ ہو گئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر ایک سادہ اور پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ پرواز کی روانگی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ مسافروں کو پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے الوداع کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق افتتاحی پرواز سے 325 مسافر مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئے۔ اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کی پہلی پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی۔

اس موقع پر مسافروں نے مانچسٹر اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیر مقدم کیا اور اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ مانچسٹر سے پرواز کو پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ائیرپورٹ گروپ کے عہدیداران نے الوداع کیا ، لاہور سے مانچسٹرکی براہِ راست پروازوں کا آغاز پی ائی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں اہم اضافہ ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس پرواز کے آغاز کے بعد پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ ان میں سے چار ہفتہ وار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک ہفتہ وار پرواز لاہور سے آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ یہ توسیع برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے مزید سہولت کا باعث بنے گی۔
