بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نامناسب زاویے سے تصاویر لینے پر پاپارازیوں پر برس پڑیں
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ نیہا دھوپیا ممبئی میں ایک تقریب کے دوران پاپارازی کے رویے پر برہم ہو گئیں اور فوٹوگرافروں کو نامناسب زاویوں سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر سخت الفاظ میں تنبیہ کی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
تقریب کے دوران نیہا دھوپیا خود فوٹوگرافروں کے پاس گئیں اور کہا کہ فنکاروں کی “پیچھے سے تصاویر” لینا انتہائی غیر مناسب اور بے ادبانہ عمل ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ بارہا اس معاملے پر اعتراض کر چکی ہیں، لیکن بعض پاپارازی اب بھی ایسی تصاویر لینے سے باز نہیں آ رہے۔
اداکارہ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکار میڈیا سے ہمیشہ احترام کے ساتھ پیش آتے ہیں، اس لیے میڈیا کو بھی ان کی ذاتی حدود اور وقار کا خیال رکھنا چاہیے۔
ڈاکٹر گھرانے سے فلمی دنیا تک، پریانکا کی بالی ووڈ میں جدوجہد کی داستان
رپورٹس کے مطابق نیہا دھوپیا کا ردعمل حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان ویڈیوز کے بعد سامنے آیا، جن میں بعض پاپارازی نے اداکاراؤں کی نامناسب زاویوں سے تصاویر اور ویڈیوز بنائی تھیں۔ نیہا نے واضح کیا کہ ان کا اعتراض صرف اپنی ذات تک محدود نہیں بلکہ تمام خواتین فنکاروں کے احترام اور رازداری کے تحفظ کے لیے ہے۔
نیہا دھوپیا کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا پر کئی صارفین اور شوبز شخصیات نے سراہا۔ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے انہیں شاباش دی، جبکہ متعدد صارفین نے مطالبہ کیا کہ پاپارازی کو پیشہ ورانہ اخلاقیات اور فنکاروں کی نجی حدود کا زیادہ احترام کرنا چاہیے۔
