ہالی ووڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی اداکارہ پریانکا چوپڑہ نے کہا ہے کہ فلمی دنیا میں ان کے ابتدائی دن آسان نہیں تھے اور انہیں اپنے کیریئر کے آغاز میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کانز لائنز کانفرنس کے دوران ایک سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ جب میں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تو راستہ آسان نہیں تھا، شوبز انڈسٹری میں جگہ بنانا ایک بڑا چیلنج تھا تاہم انہوں نے محنت، مستقل مزاجی اور خود پر اعتماد کے ذریعے اپنی شناخت قائم کی۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے تھا جہاں فلمی دنیا سے کسی کا کوئی تعلق نہیں تھا، کیونکہ ان کے والدین دونوں ڈاکٹر تھے۔ اسی وجہ سے انہیں شوبز انڈسٹری میں کامیابی کا راستہ خود تلاش کرنا پڑا اور ابتدا میں یہ سمجھنا بھی ایک چیلنج تھا کہ فلم سازی کے کس شعبے میں آگے بڑھنا ہے۔
عائشہ عمر نے اپنی ذاتی تصاویر لیک ہونے پر خاموشی توڑ دی
پریانکا چوپڑا کے مطابق جب انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو بھارتی سنیما کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل نہیں تھا جو آج نظر آتا ہے۔ اس دور میں اکثر یہ تاثر دیا جاتا تھا کہ بھارتی فلمیں کبھی ہالی ووڈ جیسی بین الاقوامی مقبولیت حاصل نہیں کر سکتیں، کیونکہ وہ انگریزی زبان میں نہیں بنائی جاتیں۔ تاہم وقت کے ساتھ بھارتی فلمی صنعت نے دنیا بھر میں اپنی شناخت مضبوط بنائی اور یہ تصور غلط ثابت ہوا۔
پریانکا نے کہا کہ ہر نئے آنے والے فنکار کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن کامیابی کے لیے ثابت قدم رہنا ضروری ہے۔ مجھے متعدد مواقع پر خود کو منوانے کے لیے دوسروں سے زیادہ محنت کرنا پڑی۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ناکامیوں سے گھبرانے کے بجائے انہیں سیکھنے کا موقع سمجھیں اور اپنے خوابوں کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔
