اسلام آباد(خرم اقبال)عالمی بینک نے کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کے تحت پاکستان کو 7 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے مطابق پنجاب میں براڈبینڈ انٹرنیٹ کی رسائی بڑھانے، ڈیجیٹل سرکاری خدمات کو بہتر بنانے اور بغیر نقد ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دیا جائے گا ، یہ پروگرام پاکستان کے قومی ڈیجیٹل ایجنڈے سے ہم آہنگ ہو گا۔
عالمی بینک نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے قومی سطح پر ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ قائم کر رہی ہے۔
کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے کہا کہ ڈیجیٹل رابطہ اب تعیش نہیں بلکہ ترقی اور مواقع کا بنیادی ذریعہ بن چکا ہے، پروگرام کے ذریعے پنجاب کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنا کر لاکھوں افراد، خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروبار اور بہتر سرکاری خدمات تک رسائی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
عالمی بینک کا پاکستان کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کیلئے حمایت کا اعادہ
ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت براڈبینڈ انفراسٹرکچر میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل ضابطہ جاتی اور مالی رکاوٹیں کم کی جائیں گی۔
فائبر نیٹ ورک بچھانے کی اجازت کے عمل کا دورانیہ 90 دن سے کم کرکے 21 دن کیا جائے گا، جس سے جون 2031 تک فکسڈ براڈبینڈ سے مستفید افراد کی تعداد 78 لاکھ سے بڑھ کر 99 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
عالمی بینک کے مطابق ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں نجی شعبے کی 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جون 2031 تک تقریباً 2 کروڑ 89 لاکھ افراد بہتر ڈیجیٹل سرکاری خدمات سے مستفید ہوں گے، پروگرام کا خصوصی ہدف خواتین کی شمولیت بڑھانا بھی ہے۔
بینک کے مطابق سرکاری ڈیجیٹل خدمات استعمال کرنے والی خواتین کا تناسب 19 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پنجاب میں نقد لین دین پر انحصار کم کرنے کے لیے ضروری ضابطہ جاتی اور تکنیکی نظام بھی قائم کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل انوائس مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
ایشیائی بینک نے پاکستان کیلئے 33 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی
ورلڈ بینک نے کہا کہ ادائیگیوں، انوائسز اور سرکاری رپورٹنگ کو آپس میں مربوط کرنے والا نظام قائم کیا جائے گا۔ ہدف ہے کہ جون 2031 تک 3 لاکھ 50 ہزار افراد باقاعدگی سے کیش لیس ادائیگیوں کا استعمال کریں۔
بینک کے مطابق 7 کروڑ ڈالر کی یہ مالی معاونت اس وسیع حکومتی پروگرام کا حصہ ہے جس کی مجموعی مالیت 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہے، اس میں 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔
