اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے باضابطہ سیاسی اتحاد کا اعلان کر دیا۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما چوہدری یاسین نےمشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والا یہ انتخابی اتحاد ریاست کی سیاست میں اہم پیش رفت ہے۔ اور اس سے دونوں جماعتوں کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔
چوہدری یاسین نے اعلان کیا کہ حلقہ ایل اے 14 اور ایل اے 23 میں جے یو آئی کے امیدوار دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
اس موقع پر جے یو آئی آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان انتخابی اتحاد قائم ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دو حلقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں کی حمایت کرے گی۔ جبکہ دیگر تمام حلقوں میں جے یو آئی، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے کا پہاڑی علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہوں گے۔
