واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل ایک فریم ورک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، جس سے لبنان میں امن عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور لبنان نے سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ جس کے تحت آئندہ مراحل پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔
امریکی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ فریم ورک معاہدہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، اعتماد سازی اور دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہو گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق معاہدے پر عملدرآمد اور اس کے نتائج کی بنیاد پر مستقبل کے اقدامات اور مذاکرات کے اگلے مراحل طے کیے جائیں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے ڈرون حملے کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کم از کم چار حملہ آور ڈرون داغے۔ ایسا کرنا جنگ بندی معاہدے کی احمقانہ خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ڈرون ایک کارگو جہاز کے بالائی حصے سے ٹکرایا۔ جس کے نتیجے میں مہنگے کارگو جہاز کو نقصان پہنچا تاہم وہ اپنی منزل کی جانب سفر جاری رکھنے کے قابل رہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے باقی 3 ڈرونز کو راستے میں ہی مار گرایا اور مزید نقصان سے بچا لیا۔
یہ بھی پڑھیں: فلپائن میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے
ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
