اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں تشدد کا شکار افراد سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تشدد اور غیر انسانی سلوک نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اسلامی تعلیمات کے بھی منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تشدد سے متاثرہ افراد بہترین طبی، قانونی اور سماجی معاونت کے حقدار ہیں۔ جبکہ تشدد کے مرتکب عناصر کا مؤثر احتساب یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تشدد کے خاتمے، متاثرین کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے قانونی اصلاحات اور ریاستی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام ریاستی جبر اور بدترین تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔ جبکہ قابض قوتوں کے جرائم کی مذمت اور ان کے احتساب کو عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کا شکار ہیں۔ اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق انسانی حقوق کی مختلف رپورٹس منظم تشدد کی نشاندہی کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالم اسلام میں نیا اتحاد سامنے آ رہا ہے ، ایران جنگ میں پاکستان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، خواجہ آصف
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ تشدد کے متاثرین کے تحفظ کے لیے مؤثر بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جائے۔ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کا عالمی سطح پر احتساب یقینی بنایا جائے۔
