شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں آج یوم عاشورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
نواسہ رسول ﷺ، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک بھر میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں.
تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہوں گے، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا، کراچی میں مرکزی جلوس آج صبح نشتر پارک سے نکالا جائے گا، جلوس سے پہلے نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہو گی۔
پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 نافذ
پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، گلگت، سکردو، مظفر آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی عاشور کے جلوس نکالے جائیں گے، جلوس کے ہمراہ روایتی علم، شبیہ ذوالجناح اور تعزیے ہوں گے، جلوس کے راستوں پر سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔
عاشور کا دن مسلمانوں کے لیے صبر، قربانی، اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کا پیغام ہے۔ اس دن حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہلِ خانہ اور رفقاء کے ہمراہ کربلا کے میدان میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے باطل کے خلاف حق کی آواز بلند کی تھی اور اس عظیم قربانی کی یاد میں ہر سال یہ دن مذہبی عقیدت سے منایا جاتا ہے۔
