وزیراعلی پنجاب کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں، علیم خان


بنی گالہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جسے چاہیں گے پنجاب کا وزیراعلیٰ منتخب کریں گے۔

بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ شریف برادران  ان پر بغیر ثبوت کے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شریف فیملی کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو انہیں سامنے لائیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے بتایا کہ ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کے کچھ حمایتی آزاد حیثیت سے الیکشن میں شامل ہوئے اور انہیں کامیابی ملی۔

علیم خان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ان آزاد امیدواروں کو پارٹی میں شامل کرنے کا کام انہیں سونپا ہے، وہ اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد مزید آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی میں اس وقت 29 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جو موجودہ سیاسی صورتحال میں سب سے زیادہ اہمیت حاصل کر گئے ہیں۔ اب تک چار آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں