ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، جس کا مقصد انشورنس سیکٹر میں اصلاحات، انشورنس کوریج میں اضافہ اور مالیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق یہ پروگرام پاکستان میں انشورنس تحفظ کے موجودہ خلا کو کم کرنے، نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور معیشت کو مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بینک نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں انشورنس سیکٹر کا حجم مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے، جسے بڑھانے کے لیے انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
پروگرام کے تحت کسانوں، خواتین اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ قدرتی آفات اور موسمیاتی خطرات سے تحفظ کے لیے جدید انشورنس نظام کو فروغ دیا جائے گا۔
اے ڈی بی کے مطابق سیٹلائٹ پر مبنی رسک اسسمنٹ، ڈیجیٹل انشورنس سہولیات اور انشورنس کلیمز کے نظام میں بہتری لا کر عوام کی خدمات تک رسائی کو آسان بنایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پروگرام طویل مدتی بچت، سرمایہ کاری، بانڈ مارکیٹ اور نجی پنشن مصنوعات کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
اے ڈی بی کے مطابق ان اصلاحات کے ذریعے پاکستان کا انشورنس شعبہ روایتی نظام سے جدید رسک بیسڈ ماڈل کی جانب منتقل ہوگا، جس سے معیشت کی جھٹکوں سے نمٹنے اور بحالی کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔
