مری: سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے آبائی علاقے مری کے حلقہ NA-57 سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی ہے۔
درخواست شاہد عباسی کے وکیل اسد عباسی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما کے حق میں ووٹوں کی گنتی کے دوران مبینہ دھاندلی کے شبہات ہیں۔
اب تک موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 57 سے تحریک انصاف کے صداقت علی نے 136249 ووٹ حاصل کر کے جیت اپنے نام کی تھی، جب کہ سابق وزیراعظم 124703 ووٹ حا صل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
مری میں دھاندلی ہوئی، دوبارہ گنتی کی جائے، شاہد خاقان عباسی نے این اے 57 مری کے ووٹوں کی گنتی کے لیے درخواست دے دی#HUMElectionUpdates#PakistanElection2018 pic.twitter.com/k9j2alFEGv
— HUM News (@humnewspakistan) July 27, 2018
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نتائج کے اجراء میں ریکارڈ تاخیر کے باعث ملک بھر سے اب تک کئی امیدوار دھاندلی کے الزامات کے تناظر میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں دے چکے ہیں۔
سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور کے حلقے این اے 131 سے عمران خان کے خلاف انتخابات میں حصہ لیا اور صرف 580 ووٹوں کے فرق سے انہیں شکست ہوئی، ن لیگی رہنما نے دوبار گنتی کے لیے درخواست دی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اب تک قومی اسمبلی کی سات نشستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد نتائج تبدیل ہو چکے ہیں