الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے۔ امن امان کی صورت حال کی پیش نظر الیکشن رینجرز اورسیکورٹی فورسز کی نگرانی میں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کا عمل جاری ہے۔
گلگت بلتستان میں 22 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی تعیناتی کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں 34 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں برقرار رکھنے کی قرارداد منظور کی تھی۔
قرارداد میں کہا گیا تھا کہ مہاجرین کی نمائندگی تاریخی اور آئینی حقیقت ہے، قرارداد کے مطابق انتخابی پیچیدگیاں دور کرنا اور سیاسی جماعتوں کے لیے قابل قبول بنائے جانے کے لیے ضروری اصلاحات اسمبلی کے ذریعے عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔
