فرنٹیئر ایئرلائنز کی ایک پرواز کو اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب ایک مسافر نے دورانِ پرواز جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور ایک آف ڈیوٹی فلائٹ اٹینڈنٹ کو گلا دبا کر قابو میں لینے کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق فلائٹ 3345 سان خوان سے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ جا رہی تھی کہ عملے نے جہاز میں “مسافر کے ہنگامے” کی اطلاع دی، جس کے بعد طیارے کو میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔
ملزم کی شناخت 51 سالہ خوان گیبریل رئیس کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مبینہ طور پر دورانِ پرواز جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کے لیے دروازے کو کندھا مار کر توڑنے کی کوشش کی۔
حلف نامے کے مطابق ملزم کو روکنے کے دوران اس نے ہدایات نظر انداز کیں اور بعد میں ایک آف ڈیوٹی فلائٹ اٹینڈنٹ کو گلا دبا کر پکڑ لیا، جسے دیگر مسافروں نے مل کر قابو کیا۔
امریکی حکام کے مطابق طیارہ رات گئے میامی میں اترا جہاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے ایف بی آئی کے حوالے کر دیا۔
ایئرلائن کے مطابق پرواز چند گھنٹوں بعد دوبارہ روانہ ہو کر اپنی منزل تک پہنچ گئی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم پر معمولی نوعیت کے حملے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس نے بے گناہی کی درخواست دائر کی ہے جبکہ اس کی ضمانت 20 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
امریکی ایوی ایشن کے مطابق 2026 میں اب تک 640 سے زائد “بدمزاج مسافروں” کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ایک مسافر اور سابق فائٹر جوش لانگ ووڈ نے بتایا کہ اس نے دیگر مسافروں کے ساتھ مل کر ملزم کو کئی بار قابو میں رکھا تاکہ وہ مزید نقصان نہ پہنچا سکے۔
