لاہور: گندے نالے سے ہزاروں شناختی کارڈز کے علاوہ ب فارمز بھی برآمد ہوئے۔
لاہور کے علاقے شفیق آباد سے چار ہزار تین سو 78 شناختی کارڈز برآمد ہوئے جن میں سے دو سو 72 شناختی کارڈز قابل استعمال تھے جب کہ برآمد ہونے والے شناختی کارڈز میں سے چار ہزار ایک سو چھ شناختی کارڈز زائد المیعاد ہیں۔
پولیس نے ملنے والے شناختی کارڈز قبضے میں لینے کے بعد نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) کی مدد سے رپورٹ بھی تیار کرلی، برآمد ہونے والے کئی شناختی کارڈز کی تاریخ تنسیخ دو ہزار 20 تک ہے۔
پولیس کو اتنی بڑی تعداد میں شناختی کارڈز نالے میں پھینکے جانے کی تفصیلات معلوم نہ ہوسکیں، پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مدد لی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔
انتخابات سے ایک روز قبل اتنی بڑی تعداد میں شناختی کارڈز کا برآمد ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔