پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملکی بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایپ بیسڈ الیکٹرک پیسنجر موبیلٹی کارٹ سروس متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پہلے مرحلے میں یہ جدید سہولت اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ملتان ایئرپورٹس پر فراہم کی جائے گی۔
پی اے اے کی جانب سے الیکٹرک کارٹ سروس کے لیے باقاعدہ ٹینڈر طلب کرلیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مسافر پارکنگ ایریا سے کنکورس ہال تک اور ٹرمینل بلڈنگ سے واپس پارکنگ تک آرام دہ، تیز اور آسان سفری سہولت حاصل کرسکیں گے۔

ڈائریکٹر کمرشل پی اے اے رابعہ سلمیٰ کے مطابق الیکٹرک کارٹ سروس کو ایپ کے ذریعے بک کیا جاسکے گا، جس سے مسافروں کو جدید، منظم اور سہل سفری تجربہ فراہم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے تمام مسافروں، خصوصاً بزرگ شہریوں، خصوصی افراد اور بھاری سامان کے ساتھ سفر کرنے والوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا یہ اقدام ایئرپورٹس پر جدید، ماحول دوست اور مسافر دوست سہولیات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ملکی ہوائی اڈوں پر سفری معیار مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
