بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں ایک افسوسناک اور حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پولیس کو ایک گھر سے خاتون کا ڈھانچہ برآمد ہوا ہے، جو تقریباً پانچ ماہ پرانا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ میرٹھ کے صدر تھانے کے علاقے تیلی محلہ میں پیش آیا، جہاں 76 سالہ ریٹائرڈ کلرک ادے بھانو بسواس اپنی بیٹی کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ برآمد ہونے والا ڈھانچہ ان کی اکلوتی بیٹی پرینکا بسواس کا بتایا جا رہا ہے۔
سنکی باپ کی 8 سالہ بیٹی کو قربان کرنے کی کوشش
پرینکا بسواس ایک تعلیم یافتہ خاتون تھیں، جنہوں نے ڈبل ایم اے اور ایم ٹیک کر رکھا تھا اور ایک نجی ادارے میں تدریسی خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق والدہ کے انتقال کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہیں اور زیادہ تر خاموش اور تنہائی پسند ہو گئی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق پرینکا کی والدہ کا انتقال 13 سال قبل ہوا تھا، جس کے بعد ان کی ذہنی کیفیت متاثر ہوئی۔ بعد ازاں والد نے دعویٰ کیا کہ بیٹی کو یرقان لاحق ہوا تھا اور وہ علاج کے سلسلے میں مختلف مقامات پر منتقل ہوتے رہے، اسی دوران اہل علاقہ کو بتایا گیا کہ وہ دہرادون میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک رشتہ دار نے ادے بھانو کو چائے کے اسٹال پر دیکھا اور پرینکا کی خیریت دریافت کی۔ ابتدا میں انہوں نے سوال کو ٹالنے کی کوشش کی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اعتراف کیا کہ بیٹی ان کے ساتھ ہی موجود ہے۔
بعد میں جب رشتہ دار گھر پہنچے تو اندر کا منظر انتہائی افسوسناک تھا، جہاں خاتون کا ڈھانچہ بستر پر کپڑے سے ڈھکا ہوا پایا گیا، جیسے وہ سو رہی ہوں۔ گھر کی حالت بھی انتہائی خستہ اور غیر تسلی بخش بتائی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات میں ریکارڈ اضافہ؛ سوشل میڈیا پر ایسی میمز کے ہنسے بغیر نہ رہ سکی
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ گھر سے پرفیوم کی متعدد بوتلیں بھی برآمد ہوئیں، جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں بدبو چھپانے کے لیے استعمال کیا گیا ہو سکتا ہے۔
پولیس نے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد ادے بھانو بسواس کو حراست میں لے لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
