مریم نواز شریف نے عید الفطر سے قبل مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو سرکاری مقررہ کرایوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ اور واضح کیا ہے کہ اوورچارجنگ میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ٹرانسپورٹ نظام کی مسلسل نگرانی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زائد کرایہ وصولی اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کو ہر صورت روکا جائے۔ بس اڈوں پر کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے رمضان کے دوران سفر کرنے والے روزہ دار مسافروں کے لیے افطار کے انتظامات، ویٹنگ ایریاز میں مناسب نشستوں، پنکھوں کی دستیابی اور بس اڈوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
عید کی خریداری کے پیش نظر بازاروں اور مارکیٹوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کے بچے نائیکوپ پر پاکستان آ سکتے ہیں، ویزے کی ضرورت نہیں، عطاتارڑ
مریم نواز نے کہا کہ عید پر اپنے گھروں کو جانے والے غریب مسافروں کا کسی صورت استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
