خیبرپختونخوا میں شادی ہالز پر نئے ٹیکسز کا نفاذ

شادی ہالز marriage hall

خیبرپختونخوا میں شادی ہالز پر نئے ٹیکسز کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

کے پی ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے مطابق صوبے کے شادی ہالز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جن پر ایونٹس کے مطابق فکس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

کیپرا کا کہنا ہے کہ کیٹیگری اے کے شادی ہالز، جن کی گنجائش 500 سے زیادہ افراد پر مشتمل ہوتی ہے، ان کے فکس ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اب کیٹیگری اے میں شادی ہال بکنگ پر کلائنٹس سے فی ایونٹ 50 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا، جب کہ اس سے قبل انہی ہالز میں ایک ایونٹ پر 25 ہزار روپے ٹیکس لیا جا رہا تھا۔

اسی طرح کیٹیگری بی کے شادی ہالز، جن میں 300 سے 500 افراد کی گنجائش ہوتی ہے، ان کے ٹیکس میں 5 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ کیٹیگری بی میں ایک ایونٹ پر 20 ہزار روپے فکس ٹیکس نافذ ہوگا۔ کیٹیگری سی کے شادی ہالز کے لیے فکس ٹیکس کی رقم برقرار رکھی گئی ہے اور ان ہالز میں ایک ایونٹ پر 10 ہزار روپے کا ٹیکس ہی وصول کیا جائے گا۔

غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس ، شادی ہالز کی رجسٹریشن کا فیصلہ، ٹیکس نہیں ، ٹیکس نیٹ ورک بڑھائیں ، مریم نواز

ترجمان کیپرا کے مطابق اضافی ٹیکسز صوبائی بجٹ میں کیے گئے فیصلوں کے تحت یکم جولائی سے قانون کے مطابق نافذ کیے گئے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ جو شہری فکس ٹیکس ادا نہیں کریں گے، ان سے 15 فیصد سروس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق شادی ہالز پر ٹیکسز بڑھانے کا فیصلہ حالیہ صوبائی بجٹ میں مالیاتی ضروریات اور ریونیو میں اضافے کے تناظر میں کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp