معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اب نجی تقریبات اور شادیوں میں پرفارمنس کے عوض لاکھوں روپے وصول کرتی ہیں، جس کے بعد ان کا بیان سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے صنم ماروی نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں سخت محنت اور مایوسیوں کا سامنا رہا، مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے بڑے میوزک پروگرام پر انہیں 27 ہزار روپے ملے تھے، جو اس وقت ان کیلئے بہت بڑی رقم تھی۔ اسی رقم سے انہوں نے والدہ کیلئے بستر، ٹی وی، واشنگ مشین اور دیگر گھر کا سامان خریدا تھا۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کو بھی یہی سکھاتی ہیں کہ ناکامی سے گھبرانے کے بجائے مسلسل محنت جاری رکھنی چاہیے، کیونکہ اس کا پھل ضرور ملتا ہے۔
View this post on Instagram
ایک سوال کے جواب میں صنم ماروی نے بتایا کہ اب وہ شادیوں اور اسی نوعیت کی دیگر تقریبات کیلئے 25 لاکھ روپے تک معاوضہ لیتی ہیں، جبکہ کنسرٹس کی فیس اس سے مختلف ہوتی ہے۔
پوڈکاسٹ کا یہ کلپ وائرل ہونے کے بعد کئی صارفین نے ان کی گلوکاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنا زیادہ معاوضہ لینے کی مستحق نہیں، جس پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔

