پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب صدر رانا جمشید گرفتار


شیخو پورہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیخوپورہ سے ضلعی نائب صدر رانا جمشید کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف کریک ڈاون کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلا دیا گیا  ہے اور مختلف شہروں سے ن لیگی کارکنان کو گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کے مختلف حصوں میں ن لیگی کارکنان کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پنجاب کے ضلع گجرات کے میئر حاجی ناصر محمود کو گرفتار کرنے کے بعد  تھانہ کنجاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری کو بھیجے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ  لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریاں غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے خط  کے متن میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے لکھا ہے کہ ن لیگی کارکنوں کو گرفتار ی کے علاوہ جوڈیشیل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھی  بھیج دیا گیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اب تک  ہمارے 169 کارکنوں کو کوٹ لکھپت جیل بھیجا جا چکا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں،
ہمیں انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں اورمنفی ہتھکنڈوں سے الیکشن کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں